انگوٹھی کا نقش
ایک مرتبہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کو اپنی انگوٹھی مبارک دی اور فرمایا: کہ اس پر لا الہ الا اللہ لکھوا لاؤ صدیق اکبر گئے اور انگوٹھی پر: لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ لکھوا لائے جب انگوٹھی حضور کی خدمت میں پیش کی تو اس پر لکھا تھا: لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ اور اس کے ساتھ ہی صدیق اکبر کا اپنا نام بھی لکھا تھا حضور نے دریافت فرمایا: ابوبکر ہم نے تو الہ الا اللہ لکھوانے کو کہا تھا مگر تم ہمارا نام بھی اور اپنا نام بھی لکھوا لائے۔
عرض کیا: حضور میرا دل نہ مانا تھا کہ خدا کے نام کے ساتھ آپ کا نام نہ ہو یہ آپ کا نام تو میں نے لکھوایا ہے مگر میرا نام یہ تو یہاں تک آتے آتے ہی لکھ گیا ہے ورنہ میں نے ہرگز نہیں لکھوایا۔
اتنے میں جبرائیل امین حاضر ہوئے اور عرض کیا :یا رسول اللہ! خدا فرماتا ہے صدیق اس امر پر راضی نہ ہوئے کہ آپ کا نام ہمارے نام سے جدا کریں اور ہم اس امر پر راضی نہ ہوئے کہ صدیق کا نام آپ کے نام سے جدا کریں صدیق نے آپ کا نام ہمارے نام کے ساتھ لکھوا دیا اور ہم نے صدیق کا نام آپ کے نام کے ساتھ لکھوا دیا۔
(تفسیر الکبیر)
سبق
صدیق اکبر رضی اللہ عنہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے سچے رفیق ہیں اور ہر جگہ حضور کے ساتھ ہیں اور خود اللہ تعالی نے اس رفاقت کا مواعد و شاہد ہے۔